لاہور (نامہ نگار) اقوام متحدہ، یوتھ رولیوشن کلان اور حکومت پنجاب کی طرف سے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ پاکستان یوتھ آئکون ایوارڈ کی تقریب میں نوجوان لسانی ماہر اور مادری زبانوں کے حقوق کے حوالے سے عالمی سطح پر شہرت حاصل کرنے والے رحمت عزیز چترالی کوپاکستان یوتھ آئکون ایوارڈ دیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے بہبود آبادی محترمہ شاہنواز تھیں ، اس موقع پر یوتھ رولیونشن کلان کے چیرمین چوھدری رضوان انور نے اپنے ادارے کے اغراض ومقاصد اور یوتھ پروگرام کے حوالے سے گفتگو کی، تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کی وادی کھوت سے تعلق رکھنے والے ماہرلسانیات، چترالی شاعر اور کمپیوٹر سائنسدان جناب رحمت عزیز چترالی کو ان کی لسانیات پاکستان کے لیے شاندار اور بے لوث خدمات اور کھوار زبان میں ویکیپیڈیا تخلیق کرکے بچوں، نوجوانوں ، خواتین اور پاکستان کی معدومیت کا شکار زبانوں اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کے اعتراف میں ١٢ اگست کوالحمرا ہال لاہور میںایک پروقار تقریب میں دیا گیا۔
انہیں یہ ایوارڈ ان کی علمی ، لسانی اور سائنسی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ، واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی رحمت عزیز چترالی کو بے شمار ملکی اور بین الاقوامی ایوارڈ، گولڈمیڈل اور اسناد واعزازات سے نوازا جاچکا ہے جن میں شندور ایوارڈ، چترال ہیومین ڈولپمنٹ ایوارڈ، رائزنگ اسٹار ایوارڈ، این۔پیس ایوارڈ(نامزد)، اینوویٹیویوتھ ایوارڈ، پرائڈ آف دی نیشن ایوارڈ و گولڈمیڈل، کوئنز ینگ لیڈرز ایوارڈ(نامزد)، پاکستان بارن اسٹارایوارڈ آف نیشنل میرٹ، سندلسانیات، انٹرنیشنل اینوویشن ایوارڈ(جرمنی)،سند فضیلت اور دیگر ایوارڈز شامل ہیں۔
تقریب میں اندرون ملک سے سینکڑوں شخصیات نے شرکت کی ادبی حلقوں نے حکومت پاکستان سے رحمت عزیز چترالی کے لیے تمغہ برائے حسن کارکردگی ،تمغہ امتیاز اور گولڈ میڈ ل کی سفارش کی ہے،رحمت عزیز چترالی کو یہ ایوارڈ ان کی لسانیات پاکستان کے لیے ایجادکردہ سافٹ ویر کے لیے دیا گیا،آپ نے ایک ایسا سافٹ ویر( کمپیوٹر پروگرام) بنایا ہے کی جس کی مدد سے چالیس سے زائد پاکستانی زبانون میں تحریر ممکن ہوگئی ہے، یہ دنیا کا واحد سافٹ ویر ہے کہ ایک ہی کی بورڈ کے زریعے چالیس سے زائد پاکستانی زبانوں میں تحریر ممکن ہوگئی ہے اس سافٹ ویر کو خریدنے کی بھی ضرورت نہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ کہیں بھی بیٹھ کر اس سافٹ ویر سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔
ٹائپنگ کے لیے اپنے کمپیوٹر کے سیٹنگ کو تبدیل کرنے کی بھی ضرورت نہیں، رحمت عزیز چترالی نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے کلام کا منظوم کھوار(چترالی) زبان میں ترجمہ کیا ہے ، آپ کی دیگر تخلیقات میں گلدان رحمت، گلدستہ ء رحمت اور دیگر کتابیں شامل ہیں۔