منکرین ختم نبوت کیلئے تاجدار گولڑہ حضرت پیر مہر علی شاہ رحمة اللہ علیہ کی سیف جلی چلتے رہے گی، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ منکرین ختم نبوت کیلئے تاجدار گولڑہ حضرت پیر مہر علی شاہ رحمة اللہ علیہ کی سیف جلی چلتے رہے گی اورانکا فیضان پوری امت کیلئے تا قیامت جاری و ساری رہے گا۔پیر مہر علی شاہ روحانیت کے تاجدار تھے۔لاکھوں افراد نے ان کی صحبت میں بیٹھ کر ہدایت کے نور سے آشنائی حاصل کی۔انکی ذات اہل حق کیلئے مینارہ نور ہے۔پیر مہر علی شاہ نے روحانیت کی جو شمع روشن کی اس کی لو سے آنے والی نسلیں عشق مصطفے ۖ کا فیض حاصل کرتی رہیں گی۔

پیر آف گولڑہ شریف نے حضور ۖ سے تعلق مضبوط کرنے کا جو درس دیاوہ تا قیامت امت کیلئے مشعل راہ رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز دربار عالیہ گولڑہ شریف میں منعقدہ 113ویں تاجدار ختم نبوت کانفرنس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سجادہ نشین دربار عالیہ گولڑہ شریف حضرت پیر سید عبد الحق شاہ ،پیر سید غلام معین الحق شاہ، خرم نواز گنڈا پور،احمد نواز انجم،سردار منصور کے علاوہ جید علماء کرام،مشائخ عظام،سیاسی و مذہبی رہنما بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے پیر مہر علی شاہ رحمة اللہ علیہ کے فیوض و برکات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ والے جہاں بھی ہوں وہ لوگوں کے قلوب و اذہان کو عشق رسول ۖکی چنگاری سے سلگا کر رکھتے ہیں۔ پیر مہر علی شاہ رحمة اللہ علیہ کی جانب سے رد قادیانیت کے عظیم واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اس معرکہ حق و باطل کو ہوئے 113برس بیت چکے ہیں اور قوت حق کی پے در پے فتوحات کے ذریعے عقیدہ ختم نبوت کا ”ورفعنا لک ذکرک” کے مصداق ہر طرف بول بالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجدار گولڑہ کے اس روحانی فیض کے صدقے مرزائی پاکستان کے آئین کے مطابق اقلیت قرار دئیے گئے،لیکن انکی ریشہ دوانیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو متحد ہو کر قادیانیت کے بت پاش پاش کرنے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔