رشتے کا تنازع، مری میں لڑکی کو تشدد کے بعد آگ لگا دی گئی

Murree

Murree

مری (جیوڈیسک) حوا کی ایک اور بیٹی رشتے کے تنازعے کا نشانہ بن گئی۔ انسانی بھیس میں درندوں نے 19 سالہ اسکول ٹیچر کو تشدد کے بعد آگ لگا دی۔ لڑکی تشویشناک حالت میں پمز منتقل۔

لڑکی کو زندہ جلانے کا اندوہناک واقعہ مری کے علاقے دیول شریف میں رونما ہوا۔ والد کے مطابق اس کی بیٹی گھر میں اکیلی تھی کہ ماسڑ شوکت سمیت پانچ افراد اندر گھسے۔ لڑکی کو مارا پیٹا، تیل چھڑک کر آگ لگائی اور کھائی میں پھینک دیا۔

بدقسمت لڑکی ماسٹر شوکت کے اسکول میں پڑھاتی تھی۔ کچھ عرصہ قبل ملزم نے اپنے بیٹے کیلئے اس کا رشتہ مانگا تھا جسے والدین نے رد کر دیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق لڑکی کا 85 فیصد جسم جل چکا ہے اور اسکی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ والد کی رپورٹ پر تھانہ مری کی چوکی پھگواڑی میں شوکت اور ارشد سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔