دین اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، محمد نعیم

Islam

Islam

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دنیا کی ہر قوم کی اپنی ثقافت ،تمدن اور اپنے شعار ہوتے ہیں جس سے وہ قوم کی دیگر اقوام سے ممتاز نظر آتی ہے ہم مسلمان ہیں ہمارا دین اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اسلام ہمیں دنیاوی زندگی کے ساتھ ساتھ اخروی زندگی گزارنے سنوارنے کے راز افشاں کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار قادری جامع مسجد کیو ایریا کورنگی نمبر2کے جنرل سیکریٹری محمد نعیم نے نئے ہجری سال پر اپنے ایک پیغام میں کیا انہوں نے مزید کہاکہ شکر و صبر ،صلہ رحمی ،پڑوسی کے ساتھ نیک سلوک ،راستے سے تکلیف دہ چیزوں کو دور کردینا ،بڑوں کی عزت ،بچوں پر شفقت ،پہلے سلام کرنا ،بیمارپر سی ،معاف کردینا ،یتیموں اور بیوائوں کی مدد کرنا ،والدین کے ساتھ حسن سلوک ،نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت ،بسم اللہ سے ہر کام شروع کرنا کسی مسلمان کی مدد کرنا کسی ضرورت مند کو قرض دینا تنگدست مقروض کو مہلت دینا۔

سچ بولنا ،زبان کو قابو رکھنا ،فضول باتوں اور فضول کاموں سے بچنا ،غرض کے اسلام نے زندگی کے معاملات میں کوئی تشنگی نہیں چھوڑی محمد نعیم نے کہاکہ اس عقلی دور میں دشمنان اسلام کی یلغار ہورہی ہے جس کی مدد کے لئے عقلی علوم اور ایجادات کے ذریعے مسلمانوں کو احساس کمتری میں مبتلا کرکے انہیں تعیش پسندی اور وقتی مصلحتوں کے فریب میں مبتلا کرکے ایمانی قوتوں سے محروم کیا جارہا ہے۔

ان حالات میں ہمیں اپنی نئی نسلوں کو اسلاف کے کارناموں اور اپنی ثقافت سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے انہوں نے عالم اسلام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آئیے اسلامی سال نو پر ہم اس کا آغاز رب کعبہ سے دعا مانگ کرکریں کہ سرکار دوعالم ۖ کے صدقے اس سال نو کو عالم اسلام کے لئے امن و سلامتی والا سال خوشیوں ،رحمتوں اور برکتوں والا سال بنا۔

اُمت مسلمہ کے درمیان اتفاق ،اتحاد اور اخوت و محبت والا سال بنا اور دہشت گردی سے نجات والا سال بنا دے اللہ تعالیٰ ہم سب کو نیا سال 1438ھ مبارک کرے۔