دین متین کی ترویج و اشاعت کے سلسلہ میں علماء و مشائخ کا کردار ناقابل فراموش ہے

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ دین متین کی ترویج و اشاعت کے سلسلہ میں علماء و مشائخ کا کردار ناقابل فراموش ہے اور بزرگان دین نے جس لگن اور محبت سے دین کی تبلیغ کا فریضہ زرانجام دیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔صوفیاء کرام کے مزارات آج بھی امن کے ایسے روشن مینار ہیں کہ جہاں سے اخوت و محبت اور احترام انسانیت کا درس ملتا ہے اور ان روحانی آستانوں پر حاضری سے دلوں کو چین و سکون ملتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مشائخ و علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی القادری کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد میںسینئر وائس چیئرمین صاحبزادہ پیر سید امجد علی شاہ گیلانی ،ملک مظہر حسین اعوان ،چوہدری اسد محمود ،محمد زاہد قادری ودیگر شامل تھے۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ اسلام دین امن ہے اور اس کی روشن و پاکیزہ تعلیمات تمام انسانیت کیلئے منبع رشدوہدایت ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی تعلیمات کو عام کیا جائے اور اس سلسلہ میں علماء و مشائخ کاپلیٹ فارم انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے علماء پر زور دیا کہ وہ ملک سے قتل و غارت ،دہشت گردی ،تعصب ،فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں اور خطبہ جمعتہ المبارک و دیگر مذہبی اجتماعات میں اخوت و محبت اور اتحاد و یکجہتی کے جذبات کو فرغ دیں۔