وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) دین اسلام کا مزاج یہ ہے کہ وہ لاقانونیت اور انارکی کو سخت ناپسند کرتا ہے اور اپنے ماننے والوں کو ایک اجتماعی نظام کے تحت زندگی بسر کرنے کی تلقین کرتا ہے۔ دین ہمیں ایسے تمام احکامات اور قوانین میں اپنی حکومت کی اطاعت کی دعوت دیتا ہے جو اللہ تعالیٰ کے احکامات کے خلاف نہ ہوں۔ قوانین کے احترام کی عادت سے معاشرے پر امن اور مسائل خود بخود ختم ہوجاتے ہیں ہر شہری کو قوانین کے دائرہ کارمیں رہ کر اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں اسی سے ملک اور معاشرے ترقی کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر وزیرآباد رضوان مغل نے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں سنیئر صحافی محمود احمد خان لودھی، سید شہباز بخاری اور دیگر شامل تھے۔ اس موقعہ پر پراسیکیوشن آفیسرزحافظ عابد، رانا سجاد اوراحمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ رضوان مغل نے کہا کہ قانون کی حاکمیت قائم کرنا بہت ضروری ہے بنیادی حقوق وہیں باقی رہتے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی ہو، قانون کی حکمرانی سے نہ صرف انارکی اور انتشار کو بڑھنے سے روکا جاسکتاہے بلکہ ملک میں بدعنوانی کے خاتمہ امن وامان کے قیام اور گڈ گورننس کی جانب بھی تیزی سے پیش رفت کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عدلیہ آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ شہریوں کو چاہیئے کہ وہ معاشرتی مسائل کے خاتمہ کیلئے امن وامان کی کوششوں کو فروغ دیں آپس میں بات چیت ،مفاہمت اور مذاکرات سے تمام مسائل حل کئے جاسکتے ہیں وکلاء معاشرے کیلئے رول ماڈل ہیں شہری ان کی طرف زیادہ توجہ دیتے ہیں نوجوان وکلاء معاشرے کی بہتری اور ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے زیادہ سے زیادہ کردار ادا کریں۔ ملکی حالات بارے ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کو ہم سب کی ضرورت ہے پاکستان کا نقصان ہم سب کا نقصان ہے۔ انہوں نے کہاکہ اختلاف رائے اچھی چیز ہے تاہم اس میں اصلاح کا پہلو ہوناچاہیے ۔ دنیا میں پاکستان کے بارے میں منفی تاثر کو ہم سب ملکرنے زائل کرنا ہے۔