سیالکوٹ (اصل میڈیا ڈیسک) سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کےتشدد سے ہلاک ہو گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) عمرسعید ملک کے مطابق ملازمین نے الزام عائد کیا کہ منیجر نے ایک پوسٹر پھاڑ کر مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے جس کے بعد ملازمین نے فیکٹری میں ہجوم کی شکل اختیار کرلی۔
ڈی پی او عمر سعید ملک کے مطابق یہ واقعہ سیالکوٹ کے علاقے وزیر آباد روڈ پر پیش آیا۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ہجوم نے منیجر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور مارنے کے بعد لاش گھسیٹ کر جی ٹی روڈ پر لے گئے اورآگ لگادی، جی ٹی روڈ پرڈھائی گھنٹے تک ٹریفک بلاک رہی جسے بعد میں کھلوا دیا گیا۔ مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عمر سعید ملک کا کہنا ہے کہ غیر ملکی منیجر کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔