مذہبی اور بلوچ قوتیں مذاکرات کی میز پرآ جائیں، وزیراعلی بلوچستان

Chief Minister Balochistan

Chief Minister Balochistan

کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ایک مرتبہ پھر صوبے کے بلوچ مزاحمت کاروں اور مذہبی قوتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مذاکرت کی میز پر آجائیں کیونکہ صوبے میں عوام کی ہمدرد حکومت موجود ہے جو صوبے کو پرامن بنانا چاہتی ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پشتون خواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ملاقات کے بعد ذرائع سے گفتگو میں کہی، وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ محمود خان اچکزئی ہمارے سیاسی ساتھی ہیں میں انہیں عید کی مبارک باد دینے آیا تھا کوئی خاص مسئلہ نہیں تھا۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہماری کابینہ مکمل ہوچکی ہے اور ہم آئین کے مطابق چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام محکموں سے کرپشن کا خاتمہ کیا جائے گا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد اچکزئی نے کہا کہ ہم نے صوبے میں جمہوریت کے تین مرحلے خوش اسلوبی سے طے کرلئے ہیں آئندہ بھی تمام مسائل خوش اسلوبی سے طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت ابھی تک عوام کی توقعات پر پوری اتری ہے ،ائندہ بھی عوام کی توقعات پورا کریں گے۔ ڈاکٹر حامد اچکزئی نے مزید کہا کہ ہم وزرات کیلئے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں۔