لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سیاسی اور عسکری قیادت پر زور دیا ہے کہ مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے ہر قسم کی مصلحت کو بالائے طاق رکھ کر جرات مندانہ فیصلے کئے جائیں۔
ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا ہے کہ لبرٹی چوک لاہور میں سلمان تاثیر شہید کی برسی کے موقع پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے خلاف ایف آئی آر کی روشنی میں اسے فی الفور گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کی نفرت انگیز تبلیغ اور ان کے سربراہوں کی تقاریر پر فی الفور پابندی عائد کی جائے۔ الطاف حسین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ملک کو درپیش مسائل کی روشنی میں پسند اور ناپسند کے بجائے ملک کے وسیع تر مفاد میں جرات مندانہ فیصلے کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرنے یا شترمرغ کی طرح ریت میں منہ دیکر ڈر اور خوف سے خاموش بیٹھ جانے سے وہ اپنے مدمقابل طاقتور قوتوں کا بآسانی نشانہ تو بن سکتی ہے لیکن خود کو محفوظ ہرگز نہیں رکھ سکتی۔