دینی غیرت اور حمیت کا تقاضا ہے کہ جمعے کی چھٹی بحال کی جائے، حسین احمد مدنی

Karachi

Karachi

کراچی 02 جولائی 2016 (پ ر) قرآن مرکز ضلع وسطی کے تحت ہونے والی باترجمہ تراویح اور جامعہ مسجد غریب نواز، لیاقت آباد میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے ممتاز مدرس حسین احمد مدنی نے کہا کہ ہر قوم کا ایک دن ہوتا جسے وہ اپنے شعار کے طور پر مناتی ہے اس کے لئے یہودی ہفتے کے دن اور عیسائی اتوار کے دن کو مناتے ہیں اور اس دن اپنے کاروبار کو بند رکھتے ہیں اور اس دن کو عبادت کا دن قرار دیتے ہیں، رومی حکومت نے 321 عیسوی میں باقاعدہ اتوار کے دن کو عام تعطیل قرار دیا اور یہودیوں نے جب اسرائیل کی بنیاد رکھی تو پہلا کام یہ کیا کہ اسرائیلی ریاست میں ہفتے کو تعطیل کا دن قرار دیا

بے شک اسلام میں کسی دن کو تعطیل کا دن یہ عبادت کے لئے مخصوص نہیں کیا لیکن اگر سماجی طور پر کسی دن کو چھٹی قرار دینا ہمارے لئے ضروری ہوں تو ایک مسلمان اور مسلمان حکومت کی غیرت کا تقاضا ہے کہ وہ اس دن کے لئے جمعہ کا انتخاب کرے، انگریزیوں اور عیسائیوں نے تو ان علاقوں میں بھی جہاں ان کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر تھی وہاں بھی اپنے اتوار کو مسلط کیا۔

ہمارے لئے بڑے شرم کی بات ہے کہ پاکستان بننے کے 25 سال بعد ایک سیکولر وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے جمعے کی چھٹی کی لیکن پاکستان کی بانی جماعت کا دعویٰ کرنے والی مسلم لیگ کے وزیر اعظم نے جمعے کی چھٹی ختم کرکے اتوار کو سینے سے لگایا اور تمام دینی اور سیاسی جماعتوں کی مجرمانہ خاموشی اللہ کے عذاب کو دعوت دے رہی ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دینی مزاج کو سمجھتے ہوئے جمعہ کی چھٹی بحال کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل شادیانہ میرج لان، عائشہ منزل، فیڈرل بی ایریا میں تکمیل ترجمہ قرآن و تراویح کی محفل میں اپنی فیملی کے ساتھ شرکت کریں جس میں خصوصی دعا کا اہتمام ہے۔