لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مذاہب کے درمیان دوریاں پیدا کرنے والوں اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں کا راستہ روکنا ہو گا، آئین پاکستان اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور حقوق دیتا ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات تمام دنیا کیلئے مشعل راہ ہیں، ان کی دنیا میں تشریف آوری سلامتی کا پیغام ہے، تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر مذہب کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کر رہے ہیں، چند لوگ مذہب کی آڑ میں فساد برپا کرنا چاہتے ہیں، ایسے حملہ آوار عناصر مسجد، مندر اور گرجا گھر میں کوئی فرق نہیں سمجھتے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پشاور میں گرجا گھر پر حملہ کرنے والے اکثریت کے نمائندے نہیں ہیں۔دہشت گردی نے کسی ایک مذہب کو ہی متاثر نہیں کیا۔ مذہبی بنیاد پر شہریوں میں فرق رکھنا، آئیں کے منافی ہے۔
وزیر اعظم نے مسیحی برادری پر زور دیا کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ وزیر اعظم بزنس لون حاصل کریں اور ملکی ترقی میں کردار ادا کریں، وزیر اعظم نے سختی سے واضح کیا کہ پاکستان میں صرف ظالم اور مظلوم کی تفریق ہے اور حکومت مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کو ناپاک عزائم سے پاکستان کا تشخص مجروح کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔