کراچی : ناظمہ ضلع وسطی ثمینہ قمر نے کہا کہ ناظمات و اراکین کی ذمہ داری ہے کہ وہ موثر افراد سے مسلسل رابطے اور ملاقاتوں کا اہتمام کریں اور ترجیحاً اپنے اہل خانہ و خاندان میں جماعت کی دعوت پہنچائیں کیونکہ جماعت اسلامی کی دعوت اللہ کی رضا اور مشن آخرت میں جنت کا حصول ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجتماع ناظمات اور اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتیں، اسلام اور ملک دشمن قوتیں ہمارے اتحاد اور یکجہتی کو پارہ پارہ کرکے ملک اور قوم کو کمزور اور تباہ کرنا چاہتی ہیں۔ پاکستان کلمے کی بنیاد پر بنا مگر آج اسے اس کے مقاصد سے دور کیا جا رہا ہے۔
لادین قوتیں ریاستی طاقت کے ساتھ ہمارے عقیدے، تہذیب اور نئی نسل پر یلغار کر رہی ہیں، لوگ تبدیلی چاہتے ہیں، کارکنان پورے جذبے اور توانائی کے ساتھ ”اصلاح معاشرہ مہم” کو کامیاب بنائیں۔