لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ انتہا پسندی، معاشرتی برائیوں اور سماجی تفریق کو صرف تعلیم کا حصول ہی ختم کر سکتا ہے، دینی مدارس کو بھی جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تعلیم کے لئے برطانیہ کے خصوصی نمائندے مائیکل باربر سے گورنر ہاوس میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ تین سال میں پنجاب کے تمام سکولوں میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
دینی مدارس کے حوالے سے علما کرام کے ساتھ ملاقات ہو چکی ہے۔ برطانوی نمائندے مائیکل باربر کا کہنا تھا کہ پاکستانی بلاشبہ باصلاحیت اور محنتی قوم ہیں، اگر انہیں تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں تو یہ دیگر اقوام کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے۔