کراچی (جیوڈیسک) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران 4 ارب 69 کروڑ 46 لاکھ 90 ہزار ڈالر کی رقم وطن بھجوائی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں بھجوائی گئی رقم 3 ارب 92 کروڑ 79 لاکھ 40 ہزار ڈالر کے مقابلے میں 19.52 فیصد زیادہ ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ستمبر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 1 ارب 71 کروڑ 65 لاکھ 90 ہزار ڈالر کی ریکارڈ رقم وطن بھیجی۔ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے ستمبر تک سعودی عرب سے 21.77 فیصد کے اضافے سے 1 ارب 34 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 31.54 فیصد بڑھ کر 1 ارب 3 کروڑ 18 لاکھ 90 ہزار ڈالر، امریکا سے 10.77 فیصد کے اضافے سے 69 کروڑ 20 لاکھ 80 ہزار ڈالر، برطانیہ سے 4.67 فیصد بڑھ کر 63 کروڑ 90 لاکھ 50 ہزار ڈالر، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں (بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) 21.89 فیصد کے اضافے سے 54 کروڑ 50 لاکھ 40 ہزار ڈالر جبکہ یورپی یونین کے ملکوں سے 2.12 فیصد کے اضافے سے 11 کروڑ 15 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر وطن بھیجی گئیں۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ سعودی عرب سے ترسیلات زر کی آمد سال بہ سال 37 کروڑ 35 لاکھ 80 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 49 کروڑ 56 لاکھ 30 ہزار ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 27 کروڑ 60 لاکھ 30 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 39 کروڑ 41 لاکھ، امریکا سے 17 کروڑ 38 لاکھ 70 ہزار سے بڑھ کر 23 کروڑ 59 لاکھ 90 ہزار ڈالر، برطانیہ سے 19 کروڑ 90 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 21 کروڑ 83 لاکھ 80 ہزار ڈالر، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں (بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) سے 15 کروڑ 12 لاکھ 40 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 21 کروڑ 31 لاکھ 10 ہزار اور یورپی یونین کے ملکوں سے 3 کروڑ 38 لاکھ 50 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 3 کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار ڈالر پر پہنچ گئیں۔
ستمبر 2014 کے دوران ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے ترسیلات زر کی آمد مجموعی طور پر 12 کروڑ 53 لاکھ 30 ہزار ڈالر رہیں جبکہ ستمبر 2013 میں ان ملکوں سے 8 کروڑ 47 لاکھ 50 ہزار ڈالر آئے تھے۔