جولائی تا اپریل کے دوران ترسیلات زر 14 ارب 96 کروڑ ڈالر ہوگئیں

Remittances

Remittances

کراچی (جیوڈیسک) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران 14 ارب 96 کروڑ 96 لاکھ ڈالر سے زائد کی ترسیلات وطن ارسال کیں جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ارسال کی گئیں 12ارب 89 کروڑ 79 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 16 فیصد زائد ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اپریل کے دوران کارکنوں کی ترسیلات1, 640 ملین ڈالر رہیں جو کہ مارچ 2015 کے مقابلے میں 4فیصد زائد ہیں اور اپریل 2014 کے مقابلے میں 56 فیصد زائد ہیں۔ اپریل 2015 کے دوران سعودی عرب،یو اے ای،امریکا،برطانیہ ،خلیج تعاون کونسل کے ممالک(بشمول بحرین، کویت، قطر، عمان) او ر یورپی یونین کے ممالک سے بالترتیب 519.68 ملین ڈالر، 395.69ملین ڈالر، 233.85 ملین ڈالر، 174.47ملین ڈالر، 190.59 ملین ڈالر اور 26.87 ملین ڈالر پاکستان ارسال کیے گئے۔+

جبکہ اپریل 2014 میں ان ممالک سے آنے والی رقوم بالترتیب 415.09ملین ڈالر، 233.97ملین ڈالر، 206.15 ملین ڈالر، 166.07 ملین ڈالر، 169.67 ملین ڈالر اور 36.37 ملین ڈالر تھیں۔ اپریل 2015 کے دوران ناروے، سوئٹزرلینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ممالک سے آنیوالی ترسیلات زر مجموعی طور پر 99.43 ملین ڈالر رہیں جبکہ اپریل 2014 میں ان ممالک سے موصولہ رقم 84.53 ملین ڈالر تھی۔