اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے بلوچستان میں 14 مارچ سے قبل گورنر راج ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر قانون فاروق نائیک کا کہنا ہے کہ نگران حکومت قائم کرنے کے لئے سول حکومت بحال کرنا آئینی تقاضا ہے۔
وفاقی وزیرقانون فاروق نائیک نے اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں امن و امان کے مسئلے کی وجہ سے دو ماہ کے لئے گورنر راج نافذ کیا گیا تھا جس کی مدت 14 مارچ کو ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 14 مارچ سے قبل ہی گورنر راج ہٹا کر وہاں سول حکومت بحال کر دی جائے گی۔
وزیر قانون نے کہا کہ گورنر راج ایگزیکٹو آرڈر کے زریعے نافذ کیا تھا اور اسی کے زریعے ختم کر دیا جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی نگران سیٹ اپ کے قیام کے لئے گورنر راج کا خاتمہ اور سول حکومت کی بحالی آئینی تقاضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر راج کی توثیق کے لئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بحال ہونے والی سول حکومت اپنے قائد ایوان کا خود انتخاب کرے گی۔