رینٹل کیس، حتمی ریفرنس عدالت میں پیش، پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان طلب

Raja Pervez Ashraf

Raja Pervez Ashraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) نیب نے کار کے رینٹل پاور کیس کا حتمی ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کر دیا، عدالت نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزموں کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے یکم ستمبر کو طلب کر لیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور ریفرنس کی سماعت کی۔ احتساب بیورو کی جانب سے کارکے رینٹل پاور پراجیکٹ کا حتمی ریفرنس عدالت میں پیش کیا گیا۔

پرویز اشرف کی جانب سے وکیل امجد قریشی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے استفسار کیا کہ راجہ پرویز اشرف پیش کیوں نہیں ہوئے جس پر امجد قریشی نے بتایا کہ ہمیں طلبی کے نوٹس موصول نہیں ہوئے۔ عدالت جب بلائے گی راجہ پرویز اشرف عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔

احتساب عدالت نے تمام ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے یکم ستمبر کو عدالت طلب کر لیا۔

عدالت نے پیراں غائب اور ساہووال رینٹل پاور ریفرنس میں راجہ پرویز اشرف کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ فیصلہ اکیس جولائی کو سنایا جائیگا، ریفرنسز کی سماعت دو ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔