کراچی:حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ تعمیر وطن میں اقلیتی برادری کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ،محب وطن ہندو کرسچن سمیت تمام مذاہب کے لوگ وطن کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں ایم کیو ایم اقلیتی عوام کو برابری کا درجہ دیتی ہے اور اُ ن کے خوشی اور غم میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے ان خیالات کا اظہار حق پر ست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ہولی کے موقع پر شاہ فیصل کالونی میں ہندو بستیوںکا دورے کے موقع پر ہندو برادری کے معززین اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے افسران اسلم پرویز ،محمد ارشد اور دیگر بھی موجود تھے
رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے قائد تحریک محترم الطاف حسین کی جانب سے ہندو برادری کے معززین کو مٹھائی اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور انہیں ہولی کی مبارکباد پیش کی نشاط ضیاء قادری نے اس موقع پر ہندو برادری کے معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے قائد تحریک محترم الطاف حسین کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہم نے جہاں مسلم بستیوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے علاقائی ترقی کے کاموں کو انجام دیا ہے
وہیں اقلیتی بستیوں میں بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے یکساں ترقیاتی کام انجام دیئے گئے ہیں اس موقع پر ہندو برادری کے معززین اور عوام نے قائد تحریک محترم الطاف حسین کو ہولی کے موقع پر یکجہتی کا مظاہرہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی عمر درازی ،صحت و تندرستی کے لئے خصوصی دعا کی ۔حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے اس موقع پر موجود بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ ہندو بستیوں سمیت شاہ فیصل کالونی کی تمام اقلیتی بستیوں میں علاقائی ترقی اور بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں۔