کراچی : انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی سینئر نائب صدر محمد شاہد شکور نے کہا ہے کہ انجمن طلبہ اسلام پاکستان کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے، جس نے اپنے قیام کے پہلے دن سے عشق مصطفیۖ کے پیغام کو عام کر نے کے لئے عملی جدو جہد کی ہے اور پھر چاہے تحریک نظام مصطفیۖ، تحریک ناموس رسالتۖ ، ، ختم نبوتۖ تحریک، یا پھر آمریت کے خلاف جمہوریت کی بقاء کی تحریک ہو انجمن طلبہ اسلام نے ہر دور میں پاکستان کے طلبہ کی ہر پلیٹ فارم پر موثر نمائندگی کی ہے۔
انجمن طلبہ اسلام نے تعلیم، تربیت، معاشرت اور عمرانیات کے روشن ترین اصولوں کا مجموعہ اپنے طلبہ کو پیش کیا، انجمن طلبہ اسلام ایک جمہوری طلبہ جماعت ہے، جماعت کے الیکشن ہر ایک سال یا دو سال کے بعد باقائدگی کے ساتھ منعقد ہوتے ہیں،سیشن 2015-16کے لئے انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی الیکشن کے لئے اراکین کا اجلاس18 اپریل بروز ہفتہ مدرسہ خیر المعاذ نزد مزار مبارک بہائوالدین زکریا ملتانی میں منعقد ہوگا جس میں ملک بھر سے اراکین شرکت کرینگے اور اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے نئی قیادت کا انتخاب کرینگے، انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل ندیم قریشی نے کہا کہ بانی انجمن طلبہ اسلام شیخ الحدیث علامہ مفتی جمیل احمد نعیمی کی زیر سر پرستی انجمن طلبہ اسلام لارڈ میکالے کے تعلیمی نظام کو یقینی شکست دیگی اور ملک سے بے حیائی کے ماحول کو ختم کریگی، انجمن طلبہ اسلام کی نئی آنے والی قیادت کے ہاتھ مضبوط کرینگے اور پاکستان کے تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیوں کے باقائدہ منصوبہ بندی کرینگے۔ اس موقع پر کراچی ڈویژن کے ناظم نبیل مصطفائی، جنرل سیکرٹری سیف الاسلام اور جوائنٹ سیکرٹری بابر مصطفائی نے اجلاس میں شرکت کی۔