اسپین کے مارک مارکیوز نے جمہوریہ چیک میں ہونے والی موٹو جی پی جیت لی۔ اسپینش رائڈر نے چیمپئین شپ ٹیبل پر برتری مزید مستحکم کر لی ہے۔ اسپینش رائڈر مارک مارکیوز کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جمہوریہ چیک میں بھی جاری رہا۔
مارکیوز نے سیزن کی مسلسل چوتھی ریس اپنے نام کرتے ہوئے چیمپئین شپ ٹیبل پر برتری کو مزید مستحکم کر لیا ہے۔ جمہوریہ چیک سرکٹ پر اسپینش رائڈر نے تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مقررہ فاصلہ بیالیس منٹ پچاس اعشاریہ سات دو نو سیکنڈز میں سب سے پہلے طے کیا۔
مارکیوز کے ٹیم میٹ دانی پیڈروسا دوسرے اور یاماہا کے ورلڈ چیمپئین جارج لورینزو تیسرے نمبر پر رہے۔ دوہزار آٹھ میں مسلسل چار ریس جیتنے والے اٹلی کے ویلنٹینو روسی کا نمبر چوتھا رہا۔ مارکیوز انیس سو پینسٹھ کے بعد ڈیبیو پر پانچ ریس اپنے نام کرنے والے پہلے اسپینش رائڈر ہیں۔ مارکیوز دو سو تیرہ پوائنٹس کے ساتھ چیمپئین شپ ٹیبل پر لیڈ کر رہے ہیں۔ دانی پیڈروسا ایک سو ستاسی پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔