لاہور (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی مخصوص نشستوں پر انتخابات کا مجوزہ انتخابی شیڈول تیارکر لیا۔ شیڈول کے تحت مخصوص نشستیں خفیہ بیلٹ کے بجائے متناسب نمائندگی کے طریقہ انتخاب سے پر کی جائیں گیں ۔نیا شیڈول عدالتی فیصلے کے بعد جاری کئے جانے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی مخصوص نشستوں کے طریقہ انتخاب کا شیڈول ملتوی ہونے کے بعد مجوزہ شیڈول تیار کر لیا گیا ہے،جو خفیہ بیلٹ کی بجائے متناسب نمائندگی کے طریقہ انتخاب کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔
نئے مجوزہ انتخابی شیڈول میں آزاد امیدواروں کو ایک بار پھرکسی نہ کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا موقع دیا جائے گا۔
سیاسی جماعتوں سے مخصوص نشستوں کو پر کرنے کے لئے ترجیحی فہرست مانگی جائے گی، مجوزہ شیڈول جاری ہونے سے نئے امیدوار درخواستیں جمع کراسکیں گے تاہم پہلے سے جمع کرائی گئی درخواستیں بھی قابل قبول رہیں گی۔