’بلبلِ صحرا‘ ریشماں کومداحوں سے بچھڑے 8 برس بیت گئے

 Reshma

Reshma

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) معروف فوک گلوکارہ ریشماں کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 8 برس بیت گئے، کم سنی میں ہی مختلف صوفیاء کے مزاروں پر گنگنایا کرتی تھیں۔ عظیم صوفی بزرگ لال شہباز قلندر کے مزار پر ”ہو لعل میری“ قوالی پیش کر کے شہرت حاصل کی، پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔

تفصیلات کے مطابق 1947ء میں پیدا ہونے والی گلوکارہ ریشماں کا تعلق خانہ بدوش خاندان سے تھا، اپنے فنی کیریئر کا آغاز محض 12 برس کی عمر میں ریڈیو پاکستان سے کیا۔ ریشماں نے’ہائے او ربا نئی او لگدا دل میرا، بڑی لمبی جدائی‘ جیسے بے شمار گیت گا کر شناخت حاصل کی۔ عظیم صوفی بزرگ لال شہباز قلندر کے مزار پر ’ ہو لعل میری‘ ،’ سن چرخے دی مٹھی مٹھی کوک، ماہیا مینوں یاد آوندا‘ جیسے گیتوں نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔

وہ پاکستان کے ساتھ بھارت میں بھی یکساں مقبول تھیں، سابق بھارتی وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کی دعوت پر بھارت بھی گئیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ’ستارہ امتیاز‘ اور ’بلبلِ صحرا‘ کا خطاب عطاءکیا گیا۔ گلے کے کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے علاج معالجے کے لیے انہیں بھرپور امداد فراہم کی گئی، اپنے وقت کی عظیم گلوکارہ 3 نومبر 2013ء کو طویل علالت کے بعد 66 سال کی عمر میں اس دار فانی سے رخصت ہو گئیں۔