لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری سے سیاسی بحران بڑھے گا، مختلف سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہے کہ یہ استعفے منظور نہ کیے جائیں۔ جماعت اسلامی کے امیر نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات کر تے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ضابطے کی رو سے استعفے جمع کرانے کے 60 روز بعد الیکشن کا انعقاد کرانا ہوتا ہے، مختلف سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہے۔
یہ استعفے منظور نہ کیے جائیں،استعفوں کی منظوری میں التوا کا مقصد بحران کے حل کیلئے وقت لینا ہے۔ سراج الحق نے بتایاکہ اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی ہے کہ استعفوں کے معاملے پر زمینی حقائق کو مدنظر رکھا جائے،اس معاملے کو بہت زیادہ تیکنیکی طور پر برتا جائے۔ امیر جماعت اسلامی نے فریقین سے اپیل کی کہ انا کے خول سے باہر آجائیں۔ اس موقع پر ایاز صادق نے بتایا کہ امیر جماعت اسلامی نے خواہش ظاہر کی ہے استعفوں پر جلدی نہ کی جائے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے بھی کہاہے کہ استعفوں کے معاملے میں جلدبازی سےکام نہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف کے دوستوں سے التجا کی تھی استعفے نہ دیں قومی اسمبلی کی کارروائی میں حصہ لیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ استعفوں کی تصدیق کاعمل ضرور پورا کروں گا، جس میں کچھ دن لگیں گے۔ شادی سے متعلق عمران خان کے بیان پر سراج الحق کا کہنا تھا کہنفرت کے ماحول میں شادی کی بات کرنا بہت مثبت اشارہ ہے، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ اگرعمران خان نے شادی میں گواہ بننے کے لیے بلایا تو ضرور جاؤں گا۔