کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان آج جن حالات کا شکار اور جن خطرات سے دوچار ہے ان سے ملک و قوم کو محفوظ بنانے کیلئے یکجہتی و اتحاد ناگزیر ہے۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے جشن آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج پاکستان کی تقدیس و حرمت ‘ آزادی و خود مختاری اور سرحد و تشخص کی حفاظت اوراس کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں دیانتداری سے بروئے کار لانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے مگر افسوس کہ پاکستان کی سیاسی صورتحال اس عہد کے برعکس دکھائی دے رہی ہے۔
سیاستدانوں و حکمرانوں کے سیاسی بلوغت و دانشمندی سے ماورا پالیسیوں ‘ اقدامات ‘ طرز عمل و کردار اور رویوں و حرکات سے دنیا ہمارے اندرونی انتشار و اختلافات سے بہرہ ور ہورہی ہے جو یقینا ملک و قوم اور جمہوریت تینوں ہی کے مستقبل کیلئے کسی بھی طور خوش آئند نہیں ہے اسلئے منتخب عوامی قوتیں اپنے تحفظات کے خاتمے کیلئے اسمبلیوں سے استعفے کی روایت دہرانے کی بجائے اسمبلی فلور و پلیٹ فارم کو اپنے تحفظات کے خاتمے اور عوامی مفادات کے تحفظ کیلئے استعمال کریں۔
جبکہ حکمران مخالفین کو ریاستی طاقت کے ذریعے دیوار سے لگانے کی روایت نہ دہرائی کیونکہ اس سے آئینی بحران پیدا ہوگا جو جمہوریت کی رخصتی وآمریت پر منتج ہوسکتا ہے اسلئے استعفے دینے والے بھی تدبر کا مظاہرہ کریں اور استعفوں کو شرف قبولیت بخشنے سے قبل بھی قومی مفادات کو ملحوظ رکھا جائے۔