اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن کو اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے تحریک انصاف کے استعفوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ پی ٹی آئی اراکین نے کوششوں کے باوجود استعفوں کی تصدیق نہیں کی۔
خط میں استعفوں کی منظوری یا مسترد ہونے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ یہ خط الیکشن کمیشن کے 16 ستمبر کے خط کے جواب میں لکھا گیا ہے۔ دوسری طرف تحریک انصاف ک ایم این اے اسد عمر نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے استعفے دے چکے ہیں واپس جانے والے نہیں اسپیکر انہیں بولنے کا موقع دیں تو وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں استعفی دیں گے۔
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کہتے ہیں حکومت پر دباؤ ہے کہ تحریک انصاف کے استعفے قبول نہ کیے جائیں لیکن استعفے منظور ہونے سے نظام کو کوئی خطرہ نہیں۔ ذرائع سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اگر استعفے دینا چاہتی ہے تو قانونی تقاضے پورے کرے۔ موجودہ صورتحال میں مڈ ٹرم انتخابات نظر نہیں آ رہے الیکشن کمیشن اراکین کو ہٹایا نہیں جا سکتا انہیں خود مستعفی ہو جانا چاہئے۔