حیدرآباد (جیوڈیسک) سندھ ترقی پسندپارٹی کی جانب سے سندھ کے عوام کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں اور وسائل پر قبضے کے خلاف فتح چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء سندھ کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے نعرے بازی کررہے تھے، ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایس ٹی پی کے وائس چیئرمین الطاف جسکانی، ڈاکٹر انور حاجانو، ڈاکٹر امرشی ٹھاکر اور دیگر نے کہاکہ سندھ میں ایک سازش کے تحت دہشت گردی اور لوٹ مار کرکے سندھ کو کئی سو سال پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
جبکہ سندھ میں کرپشن ، بدامنی اور لاقانونیت کا راج ہے مگر حکمران ان تمام کاموں میں ملوث افراد کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کرتے جس کی وجہ سے ان کے حوصلے بلند ہوتے ہیں، انہوں نے کہاکہ سندھ میں بیروزگاری کے باعث لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں اور سندھ کے وسائل پر تارکین وطن نے قبضہ کیا ہو ا ہے۔