بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) چئیرمین احتساب بیورو آزاد کشمیر راجہ غضنفر علی نے کہا ہے کہ بے پناہ وسائل کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں مل پا رہا، سرکاری محکمہ جات میں میرٹ کی پامالی کی شکایات عام ہیں، فنڈز، پاور اور اتھارٹی کا غلط استعمال کیا جاتا ہے ،سرکاری افسران زمینی ناخدائوں کو خوش کرنے کی بجائے عوام کے لیے کام کریں، کیونکہ انہیں تنخواہیں ،مراعات عوام کے دیے گئے ٹیکسوں سے ملتی ہیں ،یہ درست ہے کہ آزادکشمیر میں احتساب بیوروکے پاس سب سے کم شکایات ضلع بھمبر سے ہیں،ایسا دکھائی دیتا ہے کہ یا تو لوگوں کے مسائل پوری طرح سن کر انہیں حل کیا جاتا ہے۔
یا ان محکمہ جات تک لوگوں کی رسائی ہی نہیں ،سب سے زیادہ شکایات محکمہ تعلیم کے متعلق ہیں ،محکمہ تعلیم کے ذمہ داران تقرریوں ،تبادلوں کے نام پر ہتھ ہولا رکھیں اور اپنے معاملات ٹھیک کریں ،میرٹ نام کی کوئی چیز نظر ہی نہیں آتی ،سپورٹس سٹیڈیم کا کام معیاری نہیں ،اس میں بڑے پیمانے پر بد عنوانی لگتی ہے، ایکسئین برقیات سپورٹس سٹیڈیم میں بجلی مسائل کے حل کے لیے 20 اپریل تک کام مکمل کر کے رپورٹ دیں ،سپورٹس سٹیڈیم کا کام ڈیزائن کردہ منصوبہ سے ہٹ کر ہوا جس کام کی نشاندہی کی گئی ہے اس کی تکمیل کے لیے محکمہ بلڈنگ کے پاس صرف ایک ماہ کا وقت ہے ،اس کے بعد ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا،ان خیالات کا اظہار چئیر مین احتساب بیورونے ڈپٹی کمشنر آفس میںضلعی افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بھمبر مرزا ارشد جرال ،ایس ایس پی بھمبر چوہدری منیر حسین ، ایس پی احتسا ب بیو رو راجہ اکمل خان ،ڈی ایچ او ڈاکٹرطارق محمود چوہدری ،ایم ایس ڈاکٹر اقبال حسین چو ہدر ی ، ،چئیر مین ضلع زکواة مشتاق احمدچاڑ، اے ڈی لوکل گورنمنٹ محمد یوسف قریشی ،ڈی ایف اورا جہ عمران شفیع،ڈرگ انسپکٹر ظہیر اقبال بابر ،ایکسئین شاہرات چوہدری ندیم اقبال ،ایکسئین بلڈنگ طاہر محمودبٹ ،ایس ڈی او فاروق زبیر،ایس ڈی او افتخار خلجی اے ڈی ریسکیو 1122 راجہ جاویداقبال ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر غلام رسول ،اے ڈی زراعت چوہدری شبیر طاہر، ڈاکٹر محمد ایوب ،ایکسئین پبلک ہیلتھ ظہیر چوہدری ،ایکسئین برقیات عمر حیات ،چوہدری محمد اشرف ڈی ای او مردانہ ،روبینہ کوثر ڈپٹی ڈی ای او نسواں،چوہدری کمال سبحانی ڈسٹرکٹ سپورٹس افسر،راجہ طارق محمود اسسٹنٹ کمشنر، راجہ نعیم نجمی ،سجاد مرزا،جاوید برسالوی ،ناصر شریف بٹ، چو ہدر ی خالد حسین ایڈووکیٹ،شیراز پرویز مشتاق، چیف افسر ضلع کونسل ذوالفقار احمد چاڑ،چیف افسر بلدیہ ملک رزاق فوڈ انسپکٹر را جہ امتیا ز احمد، سمیت دیگر نے شرکت کی، چئیر مین احتساب بیورو راجہ غضنفر علی نے کہا کہ ترقیاتی اداروں کے ٹینڈر شدہ کام سب لیٹ کیوں ہو رہے ہیں ؟ کام خراب ہونے کی صورت میں کل کون ذمہ دار ہوگا ؟ انہوں نے بھمبر میںآٹا بحران کی عوامی شکایات پر محکمہ خوراک کے افسران کو طلب کر لیا اور آٹا فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں ،اس موقعہ پرانہوں نے مختلف مسائل بارے میڈیا کی نشاندہی پر فوری طور پر ہدایات جاری کیں۔