لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیر قانون اور سینئر قانون دان ایس ایم ظفر نے کہا ہے کہ ذمہ دار صحافت کے بغیر نہ تو انقلاب آسکتا ہے اور نہ ہی کوئی تبدیلی آسکتی ہے، یہ کہنا غلط ہے کہ صحافت آزاد ہوگئی ہے بلکہ اب آزادی صحافت کا سفر شروع ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ہائیکورٹ بار کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایس ایم ظفر کا کہنا تھا کہ آئین نے ملک کو تین حصوں میں تقسیم کیا ہے، مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ۔ میڈیا نے اپنا وہ مقام بنالیا ہے جس کے باعث وہ چوتھا ستون بن گیا ہے، آزادی صحافت کے بغیر انقلاب اور تبدیلی نہیں آسکتی، ملک میں سچ لکھنا بہت ضروری ہے۔ آدھا سچ بدترین اور خطرناک ہے۔
صحافی پڑھے لکھے ہوں تو وہ معاشرے میں دوربین اور خوردبین کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان اور دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔