ایک کہاوت ہے کہ مرچ کو اس کی جسامت سے نہیں جانچنا چاہیے لیکن دنیا کی سب سے مہنگی مرچ صرف مٹر کے برابر ہے اوراس کی ایک کلوگرام مقدار 25 سے 35 لاکھ روپے فی کلوگرام تک ہوسکتی ہے۔
اس مرچ کا نام آجی چاراپیٹا ہے جو بطورِ خاص لاطینی امریکا کے ملک پیرو کے جنگلات میں پائی جاتی ہے اور حال ہی میں اس کی تجارتی طور پر کاشت شروع کی گئی ہے۔
تازہ چاراپیٹا کا ذائقہ پھلوں کی طرح ہوتا ہے اور اس کا پاؤڈر سلاد اور ساس میں استعمال ہوتا ہے لیکن مغرب میں اسے استعمال نہیں کیا جاتا۔ لیکن اب دنیا بھر کی مہنگی ریستورانوں اور فائیو اسٹار ہوٹلوں کے شیف اسے اپنی ڈشوں میں استعمال کررہے ہیں۔
اسے ’’تمام مرچیوں کی ماں‘‘ کہا جاتا ہے اور پیرو سے باہر اس کی کاشت مشکل ہوتی ہے تاہم اسے اگانے کے لیے آن لائن بیج موجود ہیں لیکن وہ بھی بہت مہنگے ہیں۔ آجی چاراپیٹا دنیا کی سب سے مہنگی مرچ ہے اور یہ ونیلا اور زعفران سے بھی کئی گنا مہنگی ہے۔
لیکن یہ مرچ بہت تیز ہے اور اس کی بہت معمولی مقدار ایک بڑے کھانے میں استعمال کی جاتی ہے۔ یہ جیلیپینو سے بھی 20 گنا زیادہ ترش ہے۔