پابندی کے باوجود ون ویلنگ جاری 5 نوجوان زخمی پولیس نذرانوں پر خوش

One Wheeling

One Wheeling

لاہور (جیوڈیسک) موٹر سائیکلوں سے گر کر 5 نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔دوسری طرف شہر میں دھرنوں پر تعیناتی کی وجہ سے پولیس کی کمی کے باعث پولیس ویلروں کو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ بتایا گیا ہے کہ مال روڈ، جیل روڈ، وحدت روڈ، گلبرگ مین بلیو وارڈ، مغل پورہ لنک روڈ، گڑھی شاہو روڈ، کینال روڈ، ڈیفنس روڈ، انڈر پاسز، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، فیروز پور روڈ قذافی سٹیڈیم سے چونگی امرسدھو تک، کوئینز روڈسمیت دیگر شاہراہوں پر موٹر سائیکل سوارنوجوان ٹولیوں کی صورت میں ون ویلنگ کرتے اور ریسیں لگاتے رہے۔

وحدت روڈ پر فرحان ،فیصل، مال روڈ پر حمزہ ، گلبرگ میں پر نس اور قاسم زخمی ہو ئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر اتوار کودرجنوں نوجوان ٹولیوں کی صورت میں شہر کی مخصوص شاہراہوں پر اکٹھے ہو جاتے ہیں جہاں وہ لاکھوں روپے کا جوا لگا کر ون ویلنگ اورموٹر سائیکلوں پرریسیں لگاتے ہیں پکڑے جانے پر ویلرز پولیس اہلکاروں کو شرط کی رقم میں سے کچھ نذرانہ دیکر چھوٹ جاتے ہیں اور جان لیوا کرتب جاری رکھتے ہیں جبکہ مقامی تھانوں کی پولیس چند ایک موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کو پکڑ کر انکے خلاف کاغذی کارروائی کرکے افسران بالا کو سب اچھا کی رپورٹس بھجوا دیتی ہے۔

دوسری طرف ون ویلنگ کے جان لیواکھیل سے درجنوں نوجوان اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جن کے ورثا آج بھی انکی یاد میں آنکھوں میں آنسو لئے ویلنگ پر قابو نہ پانے والے پولیس والوں کو کوستے نظر آتے ہیں۔