چکوال (جیوڈیسک) پی پی 20 میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ہونے والی پولنگ مکمل ہو گئی ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ نون اور جنون کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔
دنیا نیوز کو کل 227 پولنگ سٹیشنز سے موصول ہونے والے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق، مسلم لیگ نون کے سلطان حیدر 76365 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے طارق کالس 46298 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر اور تحریک لبیک پاکستان کے ناصر عباس منہاس 15431 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 20 میں پولنگ کا عمل آج دن 9 بجے سے شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔ پنجاب اسمبلی کی اس نشست کے لئے 5 امیدوار میدان میں اترے۔ مسلم لیگ نون کی جانب سے چودھری حیدر سلطان، تحریک انصاف کے طارق افضل کالس، تحریک لبیک پاکستان کے ناصر عباس منہاس، اے این پی کے چودھری عمران قیصر عباس جبکہ ایک آزاد امیدوار ڈاکٹر طفیل بھی میدان میں تھے۔
تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ نون کے نامزد امیدوار مرحوم رکن صوبائی اسمبلی چودھری لیاقت علی خان کے بیٹے چودھری حیدر سلطان اور تحریک انصاف کے امیدوار طارق افضل کالس کے درمیان ہی متوقع تھا۔ تحریک انصاف کو پیپلز پارٹی، پاکستان عوامی تحریک اور جماعت اسلامی کی حمایت بھی حاصل تھی۔
اپنے نظریاتی مخالفین سے اتحاد بھی پی ٹی آئی کے کام نہ آیا اور کھلاڑیوں کی تمام تر کوششوں کے باوجود نون لیگ کے امیدوار نے واضح برتری حاصل کی اور سلطان حیدر کے حامیوں نے ان کے ڈیرے پر جمع ہو کر فتح کا جشن منانا شروع کر دیا ہے۔