اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ خطے کے تمام ممالک ماضی کی تلخیوں کو بھول کر باہمی تعاون کے ذریعے امن کی فضاء برقرار رکھیں، تمام ممالک دیگر ملکوں کے جذبات مجروح کرنے والے اقدامات سے گریز کرنا چاہئے۔
جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے کے یاسوکونی مزار کے دورے کے حوالے سے ایک سوال پر ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ ہر ملک دیگر اقوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے اقدامات سے گریز کرے، دیگر ممالک کے جذبات مجروح کرنے اور انتقامی جذبات ابھارنے والے اقدامات خطے کیلئے نقصان دہ ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین، کوریا اور جاپان ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر باہمی تعاون کی فضاء برقرار رکھیں گے۔
یاسوکونی مزار جنگ عظیم دوم میں مارے گئے 25 لاکھ افراد کی یاد میں تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ مزار جنگ عظیم دوم کے 14 جنگی مجرموں کی بھی یاد دلاتا ہے۔