مظفرآباد (جیوڈیسک) جمعیت علماء اسلام (ف) مظفرآباد کے میڈیاایڈوائزر علامہ عطاء اﷲ علوی، مولانامفتی عبدالمالک صدیقی، مولانا پروفیسر لقمان مسعود چغتائی، مولانا محمدالطاف شیخ، مولاناقاری طیب اشرف، مولاناطیب منظور، مولانامفتی نصیرالدین یوسفی اوردیگر نے کہا ہے کہ پبلک سروس کمیشن پر سیاست کرنے والے ریاستی نوجوانوں کااستحصال کررہے ہیں جسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اناکی سیاست کے باعث نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہو رہاہے ’سیاسی کھلاڑی اپناقبلہ درست کر کے نوجوانوں کا مستقبل بچائیں ۔وہ جمعہ کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی انتقام کے باعث ہمارے نوجوانوں کا مستقبل تاریک کیا جارہا ہے۔ حکمرانوں کایہ طرز عمل نہایت افسوسناک اور شرمناک ہے۔
انھوں نے کہاکہ نوجوانوں کوسیاسی انتقام کانشانہ بنانے والے اپنے مشن میں کامیاب نہیں ہوں گے نوجوانوں کے صبر کا زیادہ امتحان نہ لیا جائے، انہوں نے ہائیکورٹ کے ججز سے مطالبہ کیا ہے کہ کمیشن کے حق میں فیصلہ دے کر انہیں فوری طور پر کام کرنے کا حکم دیا جائے۔