انقلاب لانا ہے تو کینیڈا میں بیٹھ کر شیشے کی بوتل میں لائو؛ حمزہ شہباز

Hamza Shahbaz

Hamza Shahbaz

راولپنڈی (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ انقلاب کی باتیں کرنے والے پاکستان کی ترقی نہیں دیکھنا چاہتے، انقلاب لانا ہے۔

تو کینیڈا میں بیٹھ کر شیشے کی بوتل میں لائو۔ شمالی وزیرستان متاثرین کے لیے راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہونے والے امدادی میچ کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں توانائی کے بڑے منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔

جب یہ منصوبے مکمل ہوں گے تو پاکستان میں اتنی بجلی ہو گی کہ آپ سنبھال نہیں پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ انقلاب اور لانگ مارچ کی بات کرتے ہیں انہیں پاکستان کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی۔

کینیڈا میں بیٹھ کر پاکستان کے مسائل کیسے جانو گے؟ اور لانگ مارچ کرنے والوں سے پوچھتا ہوں کہ کیا خیبر پختونخوا میں دودھ کی نہریں بہہ چکی ہیں؟ حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک حالت جنگ میں ہے۔

فوجی جوان جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں، جس نے لانگ مارچ کرنا ہے، کرے، ہم نواز شریف کی قیادت میں ملک کی ترقی کا لانگ مارچ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ امدادی کرکٹ میچ کے ذریعے شمالی وزیرستان سے آئے ہوئے بچوں کے لیے 2 کروڑ روپے اکھٹے کیے جائیں گے۔