لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر چودھری بشارت عزیز جسپال نے پارلیمنٹ میں تقاریر کو مایوس کن قراردیتے ہوئے کہا کہ مفاد پرست سیاستدان کرپٹ نظام کو بچانے کے لئے اکٹھے ہوگئے ہیں لیکن انقلاب کی امیدیں دم نہیں توڑیں گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تقاریر انقلاب سے خوفزدہ لوگوں کی تھیں، عوام ان فرسودہ اور چلے کارتوسوں کومسترد کرچکے ہیں،وزیر اعظم کو پہلے تو کبھی پارلیمنٹ یاد نہیں آئی، وہ خاندانی بادشاہت سے حکومت چلاتے رہے ہیں۔ جب انقلاب وفاقی دارالحکومت پہنچ گیا ہے۔
تو اب سیاسی بازی گر جمہوریت اور آئین کے پیچھے اپنے مذموم کرتوت چھپانا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ جاوید ہاشمی نے میر جعفرکا کردار ادا کیا لیکن اچھا ہوا کہ تحریک انصاف صاف ہوگئی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ وزیر داخلہ نثار علی خان نے اپنی تقریر میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذکر تک نہیں کیا لیکن شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔