ممبئی (جیوڈیسک) بھارت کی نامور پاپ گلوکارہ الیشا چنائے ملکہ ترنم نور جہاں کی بڑی مداح نکلیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں تو نورجہاں کو ذہن میں رکھ کر گاتی تھی، میں ان کے گانے کے انداز سے بہت متاثر رہی ہوں۔ الیشا چنائے نے کہا کہ سابق بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی پاپ میوزک کے بہت قدر دان تھے۔ جب وہ وزیر اعظم تھے تو انھوں نے مجھ سمیت چند لوگوں کو ہائی ٹی پر بلایا کیونکہ اسوقت میرے کچھ نئے نغمے ریلیز ہوئے تھے۔
انہیں موسیقی میں بہت دلچسپی تھی اور ٹی وی کے متعلق ان کا بڑا وژن تھا۔ وہ بھارت میں بڑے پیمانے پر ٹی وی اور پاپ موسیقی متعارف کرانا چاہتے تھے۔ میں نے انہیں اپنے دو انگریزی نغمے سنائے تھے۔ الیشا چنائے نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ بھارت میں پلے بیک گلوکاروں کو مناسب مقام ملتا ہے۔ یہ بھارت میں ہی ہوتا ہے کہ گانا کسی اور نے گایا اور فلمایا کسی اور پر۔ پلے بیک گلوکاری کو اسلئے میں نے صرف ایک متوازی کیریئر کے طور پر ہی رکھا ہے۔
مجھے بھی کمائی کا خیال رکھنا پڑتا ہے کیونکہ میں پاپ سنگر اور سولو آرٹسٹ ہی ہوں۔ الیشا نے کہا کہ گانے سے پہلے میں کئی بار مشق کرتی ہوں۔ مجھے پتہ ہوتا ہے کہ کس ہیروئن پر فلمایا جائے گا اور اسی نسبت سے میں اپنی آواز میں تبدیلی لانے کی کوشش کرتی ہوں۔