ملتان: امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں سوچی سمجھی سازش کے تحت قتل و غارت گری، فرقہ واریت لسانیت و علاقائیت کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔فرقہ واریت اور گروہ بندیوں سے امت مسلمہ کا شیرازہ بکھر کر رہ گیا ہے۔
مسلمانوں پر کفر کے فتوے لگا کر قتل عام اورپاکستان کونقصان پہنچانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔بیرونی قوتوں کی سازشوں سے باخبررہنے اوراسلام کی صحیح دعوت پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے ہر گلی محلہ میں فساد پھیلانے کی کوششیں کسی صورت ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔ وطن عزیز پاکستان کے خلاف سازشیں ناکام بنانے میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کا بہت بڑا حصہ ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعة الدعوة ملتان کے زیراہتمام مرکزسعدبن ابی وقاص نزدچوک کچہری ملتان میں کارکنان کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تربیتی اجتماع سے جماعةالدعوة کے مرکزی رہنمامولاناسیف اللہ خالد،نصرجاوید،امیرجماعة الدعوة جنوبی پنجاب پروفیسرعطاء اللہ ،ضلعی امیر ملتان میاں سہیل احمد،عبدالرحمن سیاف ودیگر نے بھی خطاب کیا۔تربیتی اجتماع میں ضلع بھرسے جماعة الدعوة کے کارکنان اور ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔حافظ محمدسعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ دشمنان اسلام منظم سازشوں اورمنصوبہ بندی کے تحت پاکستان کومیدان جنگ بنانے اورخانہ جنگی پروان چڑھانے کی کوششیں کررہے ہیں ۔مصر،شام اورالجزائرکی طرح پاکستان میں بھی مسلمانوں کوآپس میں لڑانے کی خوفناک سازشیں کی جارہی ہیں۔فتنہ تکفیراور فرقہ وارانہ قتل وغارت گری کوپروان چڑھایا جارہا ہے۔شیعہ،سنی عوام اور فوج کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ان حالات میں مسلمانوں کا متحد ہوکرآگے بڑھنا وقت کی ضرورت ہے۔
اتحادویگانگت کی فضاء پیداکرنے میں ہی ہماری کامیابی کارازمضمرہے۔انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ پڑھنے والے سب ایک قوم ہیں ،جن کے اندرعلاقائیت اور وطنیت کے کوئی سلسلے نہیں ہیں۔اس کلمہ پرسب متحد ہوجائیں توسب اختلافات ختم ہوجائیں گے۔مسلمانوں میں کوئی سندھی،بلوچی،پنجابی اور پٹھان کا مسئلہ نہیں ہے۔مسلمانوں کے آپس کے لڑائی جھگڑے نفاذاسلام کے راستہ میں بہت بڑی رکاوٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ قتل وغارت گری کے خاتمہ اور اتحادویکجہتی کی فضاء پیدا کرنے کیلئے وطن عزیز پاکستان کے کونے،کونے میں جائیں گے۔قومیتوں اور لسانیت پرستی کی بجائے قوم کوکلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحدکریں گے۔
فرقہ واریت،لسانیت اور قومیتوں کے جھگڑے ختم کرنے کیلئے جلد وسیع تراتحادقائم کریں گے۔کلمہ طیبہ کی دعوت عام کرنے کیلئے کارکنان ہرپاکستانی شہری تک پہنچیں۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستان کا وجود شہداء کی قربانیوں کا مرہون منت اور ان کے خون کی برکت ہے۔افواج پاکستان نے ملک کے دفاع کیلئے ہمیشہ لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ پوری قوم وطن عزیزکے تحفظ کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ شہداء کے وارث عظیم لوگ ہیں جنہوںنے اپنے بیٹے اللہ کی راہ میں قربان کئے ہیں۔انڈیا پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کے رشتوںکو منقطع کر کے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ حکومت پاکستان بیرونی سازشوںکو سمجھے اوران کے توڑ کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے وطن عزیز میں فرقہ واریت،وطنیت اور لسانیت کے ان سب بتوں کوپاش پاش کرنے کیلئے وسیع اتحاد قائم اور نظریہ پاکستان کیخلاف سازشوں کا توڑکرنا ہے۔اس سے ان بنیادوں پراٹھنے والی تحریکیں دم توڑجائیں گی۔امت مسلمہ اسلام دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے سیسہ پلائی دیواربن کرکھڑی ہوجائے گی۔عوام کاہرطبقہ ملک وملت کے دفاع کیلئے اپنا کرداراداکرے۔اغیارکی غلامی سے نکلے بغیرخطوں و ملکوں کا تحفظ ممکن نہیں ہے۔