رکشہ یونین کا چالانوں کیخلاف میٹرو ٹریک بند کر کے دھرنا

Protest

Protest

لاہور (جیوڈیسک) عوامی رکشہ یونین کے سینکڑوں کارکنو ں نے ایل ٹی سی، ضلعی انتظامیہ کی زیادتیوں اور بے جا چالانوں کے خلاف میٹرو ٹریک بندکر کے کلمہ چوک میں دو گھنٹے تک دھرنا دیئے رکھا۔ مظاہرین ایل ٹی سی، ضلعی انتظامیہ اور لاہور پارکنگ کمپنی کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جتنا ہم پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کرنا چاہتے ہیں۔یہ ہمیں اتنا ہی دباتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اثرو رسوخ کی بنیاد پر بھرتی ہونے والے افسر اپنے اعلیٰ افسروں کو بھی کسی خاطر میں نہیں لاتے۔ لاہور پارکنگ کمپنی اور پرچی مافیہ دونوں ہاتھوں سے شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ آواز اٹھانے پرہاتھ اٹھانے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ ایل ٹی سی کے ہزاروں روپے کے چالانوں نے ہماری سارے دن کی کمائی پر ڈاکہ ڈالا ہوا ہے۔ ڈی ایس پی امتیاز الرحمن سی ٹی او کی ہدایت پر کلمہ چوک آئے اور شکایات دور کرنے کیلئے انکوائری کمیٹی بنانے کا وعدہ کیا جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔