ریلوے پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کا فیصلہ

Weapons

Weapons

لاہور (جیوڈیسک) ریلوے پولیس اہلکاروں کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، 2 کروڑ روپے کا مزید جدید اسلحہ لینے کیلئے سمری تیار کر کے بھجوادی گئی ہے، پہلے مرحلے میں ریلوے پولیس کو جدید پستول فراہم کر دیئے گئے ہیں اور مذکورہ بجٹ سے 100 جی تھری رائفلیں، ایم پی فائیو، ایس ایم جی اور سنائپر رائفلیں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق اس سال حساس علاقوں میں متعدد بار ریلوے ٹریک اور ٹرینوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا جس پر ریلوے پولیس حکام نے پولیس اہلکاروں کو دہشت گروں کا مقابلہ کرنے کیلئے جدید اسلحہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے

جس میں سنائپر رائفلیں اور ایس ایم جی رائفلیں بھی شامل ہیں جبکہ اس سے قبل بھی ریلوے پولیس حکام نے وا ہ فیکٹری سے 2 کروڑ روپے مالیت کا اسلحہ خریدا تھا اور جدید اسلحے کے استعمال کیلئے پولیس اہلکاروں کو ٹریننگ بھی دی گئی تھی۔ علاوہ ازیں 100 سے زائد پولیس اہلکاروں کو دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ایک ایجنسی سے خصوصی ٹریننگ بھی کرائی گئی، ذرائع کے مطابق ریلوے پولیس میں کئی سالوں کے بعد جدید اسلحہ خریدا جا رہا ہے، اس سے قبل ریلوے پولیس کے پاس اسلحے کی کمی تھی لیکن اب پولیس اہلکاروں کو جدید اسلحہ سے لیس کیا جا رہا ہے اور حساس علاقوں میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ریلوے پولیس کو مزید جدید اسلحہ دیا جائے گا

اسی طرح کوئٹہ سیکشن پر چلنے والی ٹرینوں میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے کمانڈوز کو بھی جدید اسلحہ دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ مین لائنوں پر چلنے و الی ٹرینوں میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے ملازمین کو بھی جدید اسلحہ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ریلوے پولیس میں 500 سے زائد نئے کانسٹیبلز کی بھرتی کا عمل چند روز میں مکمل ہو جائے گا جس کے بعد تمام اہلکاروں کو کما نڈوز کی ٹریننگ دینے کے ساتھ جدید اسلحے کے استعمال کے متعلق بھی ٹریننگ دی جائے گی۔