لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ قائد اعظم کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ الیکشن 2013 میں دھاندلی ایک حقیقت ہے جس کا خمیازہ پورا ملک بھگت رہا ہے۔
پرویز الہی کہتے ہیں کہ حکمرانوں کو جنگلہ بس کے علاوہ کوئی مسئلہ نظر نہیں آرہا۔ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر منڈی بہائو الدین کے حلقہ این اے 108 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ زندہ ہے اسے مردہ کہنے والے خواب غفلت سے جاگ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں دھاندلی ایک حقیقت ہے، تمام حقائق جلد پوری طرح سامنے آجائیں گے، بیس سال سے اقتدار پر قابض حکمرانوں نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
پرویز الہی کا کہنا تھا کہ پورا ملک اندھیروں میں ڈوب چکا ہے، حکمرانوں کو انڈر پاسز اور جنگلہ بس کے علاوہ کوئی مسئلہ نظر نہیں آرہا، ملک دہشت گردی کا شکار ہے اور حکمرانوں کو بیرونی دوروں کا شوق چڑھا ہوا ہے۔
این اے 108 سے مسلم لیگ کے امیدوار حمزہ ناصر اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ سب سے الگ جماعت ہے جو عوام کے دکھ کو اپنا سمجھتی ہے۔