لاہور (جیوڈیسک) الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں مبینہ دھاندلی سے متعلق عمران خان کی جانب سے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کے لئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو 4 مارچ کو سنایا جائے گا۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں مبینہ دھاندلی سے متعلق عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کے وکلا کی جانب سے جواب الجواب داخل کرایا گیا جس میں استدعا کی گئی کہ ووٹرز کے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق نادرا سے کرائی جائے۔
اس موقع پرحتمی بحث کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ مقناطیسی سیاہی سے متعلق الیکشن کمیشن پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ وہ ناقص تھی اس لئے ووٹرز کے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق نادرا سے کرائے جانے کی ضرورت نہیں۔
الیکشن ٹریبونل نے ایاز صادق کی جانب سے جواب اور عمران خان کے وکلا کا اس پر جواب الجواب آنے کے بعد سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا جو 4 مارچ کو سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ایاز صادق اس حلقے میں 93 ہزار 389 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ ان کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 84 ہزار 517 ووٹ حاصل کئے تھے۔