دھاندلی تنازعہ قومی معیشت اور پاکستان کے مستقبل اور سلامتی کیلئے خطرہ بنتا جا رہا ہے

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی اتفاق رائے کے حصول کیلئے جماعت اسلامی کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر علی پٹی والا نے کہا کہ وطن عزیز کی تباہ شدہ معاشی صورتحال بڑھتی ہوئی بد امنی و دہشتگردی بھارتی جارحیت کے ساتھ افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور پاکستان کو لاحق خطرات قومی اتحاد ویکجہتی کے متقاضی ہیںاسلئے معاملات کو طاقت یا تشدد کی بجائے مذاکرات و مصالحت سے سلجھانے اور حل کرنے کی ضرورت ہے۔

اور اگر غیر جانبدارجوڈیشل کمیشن کی تشکیل سے قومی اتحاد ویکجہتی قائم رہ سکتی ہے اور مذاکراتی و مصالحاتی عمل آگے بڑھنے کی امید ہے تو حکومت کو سراج الحق کے مطالبے کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دینا چاہئے کیونکہ انتخابات میں دھاندلی کا الزام موجودہ حکومت کے ماتھے پر داغ ہے۔

جس کی وجہ سے پاکستان کا عالمی اعتماد متاثر ہورہا ہے اور پاکستان کی ترقی و معیشت کو شدید خطرات لاحق ہورہے ہیں اور اگر اس تصفیہ کو جلد از جلد ختم نہیں کیا گیا تو اس سے پیدا ہونے والاسیاسی بحران جمہوریت کے مستقبل کیلئے ہی نہیں بلکہ پاکستان کی سلامتی کیلئے بھی بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔