اسلام آباد (جیوڈیسک) چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جہاں جہاں بیگ کھل گئے ہیں وہاں دھاندلی کے ثبوت ملیں گے جب کہ این اے 122 پر نادرا نے رپورٹ مکمل کرلی ہے اور (ن) لیگ کی جانب سے 4 حلقے نہ کھولنے کی وجہ اب عوام کے سامنے عیاں ہوجائے گی۔
اسلام آباد میں چیرمین نادرا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حامد خان اور خواجہ سعد رفیق مل کر آر اوز کو کٹہرے میں کھڑا کریں ہماری نوازشریف، ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق سمیت (ن) لیگ کے کسی رہنما سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں جب کہ میں امپائر کو ساتھ ملا کر کھیلنے والا پلیئر نہیں ہوں کیونکہ اپنے امپائر کے ساتھ کھیلنے والے کچھ بھی فاؤل پلے کرسکتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جہاں جہاں بیگ کھل گئے ہیں وہاں دھاندلی کے ثبوت ملیں گے جب کہ این اے 122 پر نادرا نے رپورٹ مکمل کرلی ہے، میں نادرا پر دباؤ نہیں ڈال رہا بلکہ انصاف مانگ رہا ہوں، چیرمین نادرا سے بھی تصدیقی رپورٹ پر بات ہوئی ہے، پریس اسکین رپورٹ دے دی گئی ہے اب نادرا کی رپورٹ رواں ہفتے ہی ٹربیونل کے پاس پہنچ جائے گی اور (ن) لیگ کی جانب سے 4 حلقے نہ کھولنے کی وجہ اب عوام کے سامنے عیاں ہوجائے گی۔
چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ این اے 122 میں 30 پولنگ اسٹیشنز میں اضافی بیلٹ پیپرز چھپوائے گئے، 30 پولنگ اسٹیشنز پر ڈپلیکیٹ سیریل نمبر اور 50 اسٹیشنز میں کتابوں کی سیریل والے نمبر ہی نہیں ملے جب کہ 24 پولنگ اسٹیشنز سے الیکٹورل رول ہی غائب کردیئے گئے۔ عمران خان نے کہا کہ انتخابی بے ضابطگیوں میں ملوث ریٹرننگ افسران کے خلاف فوجداری مقدمات بنوائیں گے۔