لاہور: مسلم لیگ (ن ) سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف )کے مرکزی صدر رانا ارشد ،پنجاب کے صدر شہزاد شریف خان ،صدر لاہور سید عمران زیدی ،سینئر نائب صدر ہمایوں بٹ ،نائب صدر سنی پرنس ،جنرل سیکریٹری لیئق گجر ،وسیم قریشی اور فیصل چوہدری نے پنجاب مسلم لیگ ہائوس لاہور میں جوڈیشل کمیشن کے فیصلہ کے بعد کیک کاٹنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کا شور الاپنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے۔
آزاد جوڈیشل کمیشن نے آزادانہ تحقیقات کر کے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیا ہے۔ قوم کے مینڈیٹ کے ساتھ حکومت کا قیام ثابت ہو چکا ہے۔ عوام کی خدمت کے جذبہ کو لگن کے ساتھ جاری رکھیں گے اوردھاندلی کی جھوٹی باتیں کرنے والے اب عوام کی خدمت پر توجہ دیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کے اندر میرٹ کو فروغ دے رہی ہے۔ دہشت گردی کا شکار ملک اب پر امن ہو رہا ہے۔
کراچی میں خون خرابہ ختم ہونے کے قریب ہے ۔ دہشت گرد ختم ہو رہے ہیں اور دہشت گرد پاکستان کو چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔حکومت اور افواج پاکستان کے آپس میں اتحاد سے ملک ترقی کی راہوں پرچل پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت عوام کے ووٹوں سے قائم ہوئی ہے ۔ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی ۔ عوام نے حکومت کو اپنا ووٹ اوریقین دے کر ملک کی ترقی میں اپنا مثبت قدم رکھا ہے۔