اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام سیمینار کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف سے مذاکرات صرف آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کئے جائیں گے۔ اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان نے انتخابات میں دھاندلی ثابت نہ ہونے کی صورت میں واپس اسمبلی نہ جانے کا اعلان کرکے پوری قومی کی توہین کی ہے۔ ایک سوال پر وزیر خزانہ نے کہا کہ تحریک انصاف فیصل آباد میں احتجاج کی کال واپس لے لیتی تو مذاکرات کا عمل شروع ہو چکا ہوتا۔
اگر عمران خان مجوزہ جوڈیشل کمشن کے فیصلے کو نہیں مانتے تو پھر حکومت کو کمشن کے قیام کے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہئے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے معیشت کو پہنچنے والے نقصان کے باوجود بجٹ اہداف پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
تحریک انصاف سے مذاکرات کے حوالے سے کل وزیراعظم سے مشاورت کی جائے گی۔