ہارون آباد (تحصیل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و سابق ٹکٹ ہولڈر قومی اسمبلی میاں محمد یار کموکا نے PTI کے پلان ‘سی’ کے بارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ PTI پلان بنانے چھوڑ دے اور پلین ہو جائے اور ملک کی خدمت کے لیے سچائی کی تلوار بن جائے تو پھر الیکشن نہ بھی جیتے تو بے تاج بادشاہ ضرور بن جائے گی۔
جہاں تک دھاندلی کا تعلق ہے جس نے بھی کرائی ہے۔اُس نے نواز شریف کی شرافت سے ناجائز فائدہ اُٹھایا ہے۔ دھاندلی ‘ن’لیگ کی ضرورت نہ تھی۔دھاندلی بہت بڑا جرم ہے۔غریب آدمی کے پاس دو وقت کی روٹی اور ووٹ کے سوا ہے ہی کیا؟اگر اس سے ووٹ کی متاع چھین لی جائے تو پھر وہ انسان نہیں حیوان سمجھا جائے گا۔لیکن جنہوں نے دھاندلی کرائی اور بعد میں بڑے طریقے سے اسمبلی کے اجلاس میں شدید دھاندلی ہونے کا اقبالِ جرم بھی کر گئے۔لیکن یہ مردہ نواز شریف کے دروازے پر پھینک دیا گیا۔اور ساری ذمہ داری ‘ن’لیگ پر ڈال دی گئی۔
موجودہ حالات میں PTIبالکل حق بجانب ہے ۔کیونکہ وہ مخالف جماعت ہے اُس نے اپنے مستقبل کے لیے ایسے مواقعوں سے فائدہ تو اُٹھانا ہی ہے۔لیکن اب ساری بات میاں نوازشریف کے ہاتھوں میں چلی گئی ہے۔وہ ملک ،حکومت اورپارٹی بچانا چاہیں تو بچا سکتے ہیں۔میں مسلم لیگ اور ملک کا وفادار آدمی ہوں اور سیدھا میاں نواز شریف سے کہتا ہوں کہ عمران خان کے ساتھ ون ٹو ون ملاقات کرے ۔چاہے اُس کے گھر جانا پڑے ۔اس نادر موقع کو ضائع ہر گز نہ کیا جائے۔
اس عمل سے میاں صاحب اور جماعت کی مقبولیت کم نہ ہوگی بلکہ اُن کی شرافت اور سیاسی بصیرت نِکھر کر قوم کے سامنے آجائے گی۔ورنہ پارٹی کا مستقبل خطرے میں ہے۔حکومت چیز کیا ہے؟پارٹی قوم کی سیاسی ماں ہوتی ہے۔اس کے سر کو ڈھانپنا مسلم لیگی وزیر اعظم کی ذمہ داری ہے۔ چمچے ہمیشہ سب اچھا کہتے چلے آرہے ہیں۔تاریخ گواہ ہے۔