حق پرستی کی تحریک کو ظلم ،جبر اور سازشوں سے ختم نہیں کیا جا سکتا، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حق پرستی کی تحریک کو ظلم وجبر اور سازشوں سے ختم نہیں کیاجاسکتا، حق پرست کارکنان و عوام نے ہرکڑے اور آزمائش کے موقع پر اپنے اتحاد سے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایم کیوایم کے ساتھ ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، سکھر اور نواب شاہ میں جاری عوامی ریفرنڈم میں مصروف ایم کیو ایم کے ذمہ داران اور کارکنان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے ذمہ داران سے سندھ حکومت میں شمولیت کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں ہونے والے عوامی ریفرنڈم کی تفصیلات معلوم کیں اور اس سلسلے میں مصروف ذمہ داروں اور کارکنوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے ذمہ داران نے الطاف حسین کو بتایا کہ عوامی ریفرنڈم کے سلسلے میں کارکنان وعوام میں زبردست جوش وخروش پایا جا رہا ہے۔

لوگ طویل قطاروں میں لگ کر سندھ حکومت میں شمولیت اختیارکرنے یا نہ کرنے کے بارے میں اپنی رائے کا اظہارکررہے ہیں۔ الطاف حسین نے مزید کہا کہ ایم کیوایم ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ اورغریب ومتوسط طبقے کی حکمرانی قائم کرنا چاہتی ہے، حق پرستی کی اس جدوجہد میں ایم کیوایم کے ہزاروں کارکنان نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور ہزاروں کارکنان نے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔

اس تحریک میں جہاں نوجوان کارکنان نے قربانیاں دیں وہیں بزرگوں اور ماوں بہنوں نے بھی حق پرستی کی جدوجہد میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم ایک عوامی تحریک ہے اور اس تحریک کی بنیادوں میں حق پرست شہدا کا مقدس لہو شامل ہے جو سازشی عناصر حق پرستی کی اس تحریک کے خاتمے کا خواب دیکھ رہے تھے۔

ایم کیوایم کے کارکنان وعوام نے اپنے مثالی اتحاد کامظاہرہ کرکے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ حق پرستی کی تحریک کو ظلم وجبر اور سازشوں سے ختم نہیں کیا جا سکتا، ایم کیوایم ملک بھر کے مظلوم عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور اس تنظیم کو چند افراد کی جاگیر نہیں بننے دیا جائے گا۔ الطا ف حسین نے کہاکہ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ سندھ بھر میں عام انتخابات کے دوران ایم کیو ایم کے کارکنان اور حق پرست عوامی نمائندوں کے پولنگ ایجنٹوں کوکس طرح بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

لیکن تحریکی ذمہ داروں اور کارکنوں نے تمام تر مشکل حالات کے باوجود ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور مایوس ہوئے بغیرحق پرستی کی جدوجہد جاری رکھی جس پر میں ایک ایک کارکن کو شاباش اور زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے تمام ذمہ داران اور کارکنان سے کہاکہ وہ حالات کے جبر سے ہرگز مایوس نہ ہوں، پرعزم رہیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں، انشا اللہ فتح حق پرستوں کا مقدر ثابت ہو گی۔