اسلام آباد (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی تاریخ ساز کامیابیاں حق پرست شہداء کی قربانیوں کی مرہون منت ہے جنہیں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ سانحہ پکا قلعہ حیدر آباد کے شہداء کی 24 ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ حق پرست شہداء تحریک کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہوں نے باطل قوتوں کے سامنے سرجھکانے کے بجائے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کر کے تحریک کو جلا بخشی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کی تاریخ ساز کامیابیاں حق پرست شہداء کی قربانیوں کی مرہون منت ہے اور جس نیک مقصد کی خاطر حق پرست شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں ایم کیوایم اس مشن و مقصد کو پایہ تکمیل تک ضرور پہنچائے گی۔
الطاف حسین نے سانحہ پکا قلعہ حیدآباد کے شہداء کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سانحہ پکا قلعہ حیدر آباد سمیت تمام حق پرست شہداء کے درجات بلند فرمائے، شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور شہداء کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔