بہاولپور (جیوڈیسک) سابق وزیرِ اعظم نے اعلان کیا ہے کہ میں 70 سال کی پالیسیوں کیخلاف بغاوت کرتا ہوں، کسی کو ووٹ کے تقدس پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دوں گا۔
بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت اقتدار میں آئی تو بجلی کا نام ونشان نہیں تھا اور ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا لیکن ہماری کاوشوں سے آج پاکستان کے ہر گھر اور صنعتوں میں بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔
عوام کی دعاؤں سے ہم نے پاکستان کو بحرانوں سے نکالا اور دہشتگردی کی کمر توڑ کے رکھ دی۔ ہمارے علاوہ کسی اور حکومت نے آج تک ملک میں سڑکوں کا جال نہیں بچھایا، ہم نے پاکستانی عوام کو موٹروے بنا کر دی۔
ہم نے فارم ٹو مارکیٹ سڑکوں کا جال بچھا دیا۔ آج کاشتکاروں کو سستی بجلی میسر ہے، آج فیکٹریاں بھی چل رہی ہیں اور کاشتکاروں کے ٹیوب ویل بھی چل رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ الیکشن کے بعد بہاولپور میں میٹرو بس سروس شروع کریں گے اور موٹروے بنائیں گے۔
سابق وزیرِ اعظم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ گزشتہ چار برسوں میں ہمیں عوام کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کرنے دیا گیا۔ مجھے صرف بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کر کے وزارتِ عظمیٰ کے منصب سے ہٹا دیا گیا۔ اس ملک پر پچھلے 70 سالوں سے بڑے ظلم ہوئے، ہم نے بڑی ٹھوکریں کھائیں اور پاکستان کو تباہ وبرباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، میں ان زیادتوں کیخلاف بغاوت کرتا ہوں۔ پاکستان اس وقت آگے نہیں بڑھ سکتا جب ہم اپنی تاریخ کو نہیں بدلیں گے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں اپنے نوجوانوں کو کبھی مایوس نہیں کرونگا اور انھیں ان کا حق دلواؤں گا۔ نوجوان نسل کے رون مستقبل کیلئے جدوجہد کروں گا۔ ہم کسی کو ووٹ کے تقدس پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دوں گا۔ ہم اپنا حق مانگیں گے، نہیں ملے گا تو چھین لیں گے۔ نوجوان میرا ساتھ دیں اور قدم سے قدم ملا کر چلیں۔