حق پرست اُمیدواران اقبال محمد علی خان اور نشاط محمد ضیاء قادری کا شاہ فیصل سیکٹر یونٹ 103-Aاور103-Bکے زیر اہتمام انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب
Posted on May 9, 2013 By Tahir Webmaster کراچی
کراچی : حق پرست اُمیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ NA-256اقبال محمد علی خان نے کہا ہے کہ 11مئی کے بعد سند ھ کے عوام خوشحالی اور ترقی کے نئے سفر کا آغاز کرینگے ،سندھ کا آئندہ وزیر اعلیٰ متحدہ قومی موومنٹ اور قائد تحریک محترم الطاف حسین کا نامزد کردہ ہوگا شہر کراچی اور حیدر آباد کی طرح سندھ کے ہر شہر اور گائوں کو ترقی اور عوام کو خوشحالی اُن کی دہلیز تک پہنچا ئیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل سیکٹر یونٹ 103-Aاور103-Bکے زیر اہتمام انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جلسے سے حق پرست اُمیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ PS-120نشاط محمد ضیاء قادری نے بھی خطاب کیا اس موقع پر نوجوانوں ،بزرگوں اور خواتین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی اقبال محمد علی خان نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان میں عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے جو عوام کے حقوق کے حصول اور اُن کے مسائل کے حل کی جد جہد میں مصروف ہے۔
اگر عوام نے حق پرست اُمیدواروں پر مکمل تائید کی تو پاکستان کے دیگر صوبوں میں ترقی اور خوشحالی کا جال بچھا دیں گے اقبال محمد علی خان نے کہاکہ قائد تحریک محترم الطاف حسین نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے اور قائد تحریک کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے بلا تفریق رنگ و نسل خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست اُمیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ PS-120نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ ملک کی واحد جماعت ہے۔
جس نے ملک بھر سے غریب ،محنت کشوں اور ہاریوں کو ٹکٹ سے نوازا ہے عوام سے تعلق رکھنے والا ہی عوامی مسائل کو حل کرسکتا ہے انہوں نے کہاکہ جب ملک بھر سے غریب اور متوسط طبقے کے لوگ ایوانوں میں پہنچیں گے تو ملک کی ترقی اور خوشحالی یقینی طور پر ممکن بنا ئیں گے۔
نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ انشا اللہ ایم کیو ایم کے نمائندے ملک بھر سے امیر و غریب کی تفریق کا خاتمہ اور ملک سے جاگیردرانہ اور عوامی استحصالی نظام کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 11مئی کو اپنے بہتر مستقبل اور عوامی زندگی میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے لئے پتنگ کے نشان پر مہر لگا کر ایم کیو ایم کے نمائندوں کو کامیاب کرائیں۔